خبرنامہ انٹرنیشنل

پیرس سے قاہرہ جاتے ہوئےمصری ایئرلائن کاطیارہ لاپتہ

قاہرہ:(اے پی پی) پیرس سے قاہرہ جاتے ہوئے مصری ایئر لائن کا طیارہ لا پتہ ہو گیا، طیارے میں عملے کے 10 افراد سمیت 69 مسافر سوار تھے۔ مصری ایئر لائن کی پرواز ایم ایس 804 نے فرانس کے دارالحکومت پیرس کے چارلس ڈی گال ہوائی اڈے سے قاہرہ کے لئے اڑٓان بھری لیکن مصر کی حدود میں داخل ہونے سے 10 میل دور ہی بحیرہ روم کے اوپر سے جہاز ریڈار سے غائب اور کنٹرول ٹاور سے اس کا رابطہ منقطع ہو گیا۔ طیارے میں عملے کے 10 ارکان سمیت 69 افراد سوار تھے۔ مصری حکام کا کہنا ہے کہ جس علاقے سے جہاز کا ریڈار سے غائب ہوا وہاں پرجیٹ طیارے بھیج رہے ہیں جبکہ یونانی حکام سے بھی اس حوالے سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل مارچ میں ایک شخص نے اپنی بیوی سے ملنے کے لئے قاہزہ سے اسکندریہ جانے والی ایئر ایجپٹ کی ایم ایس 181 کو ہائی جیک کر لیا تھا، بعدازاں جعلی خودکش جیکٹ پہنے ذہنی مریض شخص کو پولیس اہلکاروں نے حراست میں لے لیا تھا۔