پیرس:(اے پی پی) فرانسیسی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب کہ یورپ میں بدامنی کے واقعات کے بعد پناہ گزینوں کی آمد کے لیے دروازے بند ہوتے جا رہے ہیں لیبیا میں8 لاکھ افراد یورپ داخلے کے لیے پرتول رہے ہیں۔فرانسیسی وزیردفاع جان ایف لوڈریان نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ لیبیا میں آٹھ لاکھ مہاجر یورپ داخل ہونے کی تیاری کررہے ہیں۔فرانسیسی ریڈیو ’’یورپ 1‘‘ سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ لیبیا سے یورپ میں پناہ گزینوں کی آمد کا سلسلہ جب شروع ہوا تو ان کی تعداد محض ہزار سو تھی مگر اس وقت لیبیا میں لاکھوں افراد یورپ میں داخل ہونے کی تیاری کررہے ہیں۔صحافی نے فرانسیسی وزیر سے ان کے دعوے کی تصدیق بابت دوبارہ پوچھا کہ آیا ان کے پاس لیبیا میں 8 لاکھ پناہ گزینوں کی موجودگی کے اعدادو شمار حقیقی ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ’میری دانست میں یہ تعداد حقیقی ہے‘۔