خبرنامہ انٹرنیشنل

پینٹاگون کے ٹرمپ سے استعفٰے کے مطالبے پرامریکا میں ہلچل مچ گئی

پینٹاگون کے ٹرمپ سے استعفٰے کے مطالبے پرامریکا میں ہلچل مچ گئی
واشنگٹن:(ًلت آن لائن) امریکی محکمہ دفاع پنٹاگون نے حادثاتی طور پر ایک ٹوئٹ کو فاروڈ کردیا جس میں اپنے ہی ملک کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ مخالف ٹوئٹر صارف نے اپنے ٹوئٹرپیغام میں جنسی ہراسانی میں ملوث امریکی وزراء سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا اور اس ٹوئٹ میں جنسی اسکینڈل میں ملوث وزراء کے ساتھ ساتھ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ سے بھی صدارت سے استعفٰی دینے کا مطالبہ کیا گیا۔حیران کن طور پر پنٹاگون کے سوشل میڈیا نے پڑھے بغیر غلطی سے اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کردیا جو اس اکاؤنٹ کے 51لاکھ فالوورز تک پہنچ گئی جس سے سوشل میڈیا پر زبردست ہلچل مچ گئی۔صارفین کا ردعمل آتے ہی پنٹاگون نے مذکورہ ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کردیا تاہم اس دوران صارفین نے ٹوئٹ کا اسکرین شارٹ محفوظ کرلیا ۔
پنٹاگون کی ترجمان ڈانا وائٹ نےغلطی پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مجاز آپریٹر کی جانب سے حادثی طور پر ری ٹوئٹ کے متن کی محکمہ دفاع تائید نہیں کرتا،آپریٹر نے غلطی کی نشاندہی ہوتے ہی مذکورہ ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کردیا ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل ٹوئٹر کے ایک ملازم نے اپنی نوکری کے آخری روز امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کردیا تھا جو 11منٹ کی بندش کے بعد بحال ہوگیا تھا۔