خبرنامہ انٹرنیشنل

پیوتن، باراک اوباما سے بڑےاور بہترین رہنما ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

نیویارک:(اے پی پی) امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادی میرپوتن کا اپنے ملک پر مکمل کنٹرول ہے وہ امریکی صدر باراک اوباما سے بڑے اور بہترین رہنما ہیں۔ نیویارک میں فوجی امور کے ماہرین پر مشتمل فورم میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روسی صدر ولادی میر پوٹن ایک بہترین سربراہ مملکت ہیں کیونکہ اپنے ملک پر ان کا مکمل کنٹرول ہے اور وہ اس وقت امریکی صدر باراک اوباما سے بھی بڑے اور بہترین رہنما ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی افواج کو جنگی جہازوں ، کشتیوں اور مزید فوجی دستوں کی ضرورت ہے، اگر وہ صدراتی انتخابات میں کامیاب ہوگئے تو امریکی افواج کے تمام شعبوں کو وسعت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ جب وہ صدارت کے منصب پر فائز ہوں تو امریکی جرنیل انہیں صدارت کے پہلے 30 دنوں میں شدت پسند تنظیم داعش کو شکست دینے کا منصوبہ پیش کریں۔ ٹرمپ سے جب روسی صدر کی تعریف کے بارے میں دوبارہ پوچھا گیا تو ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کہ ولادی میرپوتن کی ریٹنگ 82 فیصد ہے اور وہ اس وقت بہترین رہنما ہیں اور ان کا خیال ہے کہ وہ پیوتن کے ساتھ مل کر کام کرسکتے ہیں۔