خبرنامہ انٹرنیشنل

چشمہ تھری جوہری پاور پلانٹ سے پاکستان کے قومی گرڈ کو بجلی کی فراہمی شروع

بیجنگ (ملت + آئی این پی )ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ کے تحت تیار کئے جانیو الے چشمہ تھری جوہری پاور پلانٹ نے عارضی بنیادوں پر پاکستان کے قومی گرڈ کو بجلی فراہم کرنا شروع کر دی ہے ۔ معروف چینی اخبار چائنہ ڈیلی کے مطابق جوہری پاور پلانٹ کی دیکھ بھال کی ذمہ داری چائنہ نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن (سی این این سی )کی ہے ۔ چشمہ نیوکلیئر پاورپلانٹ کا یونٹ تھری میانوالی کے مقام پر موجود ہے ۔سی این این سی کے مطابق چینی تعاون سے تیار کئے جانیوالے چشمہ تھری اور چشمہ فور دونوں ممالک کے مابین سدابہار دوستی اور شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی واضح مثال ہے ۔چشمہ جوہری پاور پلانٹ پہلا برآمد کیا جانے والا صنعتی جوہری پاور پلانٹ ہے جسے چین نے بذات خود تیار کیا ہے ۔چشمہ کے مقام پر موجود دیگر دو جوہری پاور پلانٹس چشمہ ون اور چشمہ ٹو سال 2000اور2001سے بالترتیب 90فیصد سے زائد استعداد کار کے ساتھ بجلی فراہم کر رہے ہیں ۔اسی علاقے میں چشمہ فور بجلی گھر بھی تعمیر کیا جا رہا ہے جو 2017میں فعال کر دیا جائے گا۔ کراچی میں دیگر دو بڑے جوہری پاور پلانٹ بھی زیر تعمیر ہیں جو کہ 2020اور2021میں مکمل کئے جائیں گے جن کی مدد سے قومی گرڈ میں 2100میگاواٹ بجلی کو شامل کیا جا سکے گا۔