خبرنامہ انٹرنیشنل

چھوٹےسےاقلیتی گروپ نےجمہوریت کوتباہ کرنےکی کوشش کی: ترک وزیراعظم

انقرہ (آئی این پی) ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ چھوٹے سے اقلیتی گروپ نے جمہوریت کو تباہ کرنے کی کوشش کی ، گزشتہ رات کا واقعہ ترکی کی تاریخ پر بڑا دھبہ ہے ، 15جولائی کو ہر سال ترکی میںیوم جمہوریت منایا جائیگا، 2839فوجی اہلکاروں نے بغاوت کی کوشش کی ، بغاوت کی کوشش کے دوران161افراد شہید ہو گئے ،بغاوت کرنے والے فوجی اہلکاروں کو عبرتناک سزا دی جائے گی جو ہمارے آئین میں پہلے سے طے ہے،مشکل وقت میں ساتھ دینے پر دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ہفتہ کو ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات کے واقعہ ترکی کیلئے سیاہ دھبہ ہے اور بغاوت کرنے والوں کو قوم نے بہترین طریقے سے جواب دیا ہے ، ایک اقلیتی گروپ نے جمہوریت کو تباہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ بغاوت ناکام بناتے ہوئے ہمارے کئی سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے ۔ انہوں نے کہا کہ واقعے نے ثابت کر دیا ۔ترک عوام جمہوریت کا دفاع کریں گے اور ترک عوام نے ٹینکوں کے سامنے لیٹ کر قوم کیلئے قربانی دی ۔ آج سے ترکی میں معاملات زندگی بحال ہو گئے ہیں ۔2839 فوجیوں نے بغاوت کی کوشش کی ہے ۔ ترک وزیر اعظم نے کہا کہ بغاوت کی کوشش کے دوران 161 افراد شہید ہو گئے ہیں، عوام نے سڑکوں پر آکر ثابت کر دیا کہ انہیں جمہوریت کتنی پیاری ہے ، ترکی جمہوریت کی خاطر شہید ہونے والوں کو بھی نہیں بھولیں گے۔ترکی باغیوں کے خلاف مضبوطی سے کھڑا ہے اور سینکڑوں باغیوں نے ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔ بغاوت کرنے والے فوجی اہلکاروں کو عبرتناک سزا دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نہتے شہریوں پر فائرنگ کرنا بزدلانہ اقدام تھا۔ بزدلانہ اقدام کے خلاف قوم کھڑی ہوگئی، جمہوریت کیخلاف شہری ٹینکوں کے سامنے کھڑے ہوگئے۔ ریاست کیخلاف بغاوت کی سزا ہمارے آئین میں طے ہے۔ مشکل وقت میں سیاسی جماعتوں کا متحد رہنا قابل تعریف ہے۔ ترک وزیر اعظم نے کہا کہ 15جولائی کو ہر سال یوم جمہوریت منایا جائیگا۔ مشکل وقت میں ساتھ دینے پر دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔