خبرنامہ انٹرنیشنل

چین میں 9 سالہ بچہ مسافر بس چراکر فرار

گوانگ(ملت آن لائن)چین میں 9 سالہ بچے نے کمال مہارت سے مسافر بس چرائی اور اسے چلا کر خوب سیرو تفریح کی۔

چین کے مقامی میڈیا کے مطابق جنوب مشرقی شہر گوانگ میں 9 سالہ بچے کو شہر کی سڑکوں پر بس دوڑاتے دیکھ کر عوام پریشان ہوگئی جس کی فوری طور پر اطلاع پولیس کو دی گئی۔

بچے کو شہر کی سڑکوں پر بس دوڑاتے دیکھنے کی رپورٹ ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر کارروائی کی۔

جب کہ بس کمپنی نے جی پی ایس کا استعمال کرتے ہوئے بس کو ٹریک کیا اور پولیس کی مدد کی جس سے بچے کو پکڑ لیا گیا۔
پولیس کے مطابق بچہ 40 منٹ تک مختلف علاقوں میں بس چلاتا رہا اور اس دوران اس نے تقریباً 10 کلو میٹر تک ڈرائیونگ کی۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ بچے کی جانب سے بس کی ڈرائیونگ کے دوران کوئی حادثہ بھی پیش نہیں آیا۔

پولیس نے عمر کم ہونے کے باعث بچے کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی تاہم پولیس کا کہنا ہےکہ بچے کا ماضی میں بھی چوری کا ریکارڈ موجود ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق بچے کی جانب سے بس مالک کی اجازت کے بغیر اسے چلانے کی کوئی وجہ سامنے نہیں آئی ہے تاہم بچے کی اس حرکت کو اس کا بس چلانے کا شوق کہا جاسکتا ہے۔