خبرنامہ انٹرنیشنل

چینی بینک نے پاکستان سمیت سات ممالک کے نو منصوبوں کی منظوری دی

بیجنگ (ملت + آئی این پی) چینی ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی ) نے اپنے قیام کے پہلے سال کے دوران پاکستان سمیت سات ممالک میں بنیادی ڈھانچے کے 9منصوبوں کی منظوری دی جن پر 1.73ارب امریکی ڈالر کا قرضہ منظور کیا گیا ، 2017ء میں بینک تین بڑے منصوبوں پر توجہ مرکوز رکھے گا ، ان میں پائیدار بنیادی ڈھانچے کی تشکیل ،ممالک کے درمیان رابطوں اور نجی سرمائے کی گردش شامل ہے ۔یہ بات اے آئی آئی بی کے عملدرآمد اور رابطہ یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل حامد شریف نے اپنے ایک بیان میں کہی ہے ۔ دریں اثنا انہوں نے کہا کہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی ) نے1000ایسے اداروں پر عملدرآمد روک دیا ہے جن پر صف اول کے دیگر ترقیاتی بینکوں نے کسی منصوبے میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر رکھی تھی ، یہ بینک کی بد عنوانی کیخلاف کوششوں کا حصہ ہے ، اے آئی آئی بی نے ایسے افراد اور کمپنیوں کی رضاکارانہ طورپر فہرست تیار کررکھی ہے جن پر پابندیاں لگی ہوئی ہیں ،ا س مہم کے تحت وہ کمپنیاں یا افراد جو بد عنوانی ، دھوکہ دہی یا دیگر غیر قانونی کاموں میں ملوث ہوں گے بینک ان پر سات سال کیلئے یا مستقل طورپر پابندی لگا دے گا ۔ اے آئی آئی بی بد عنوانی سے پاک کلچر پیدا کرنا چاہتا ہے جو ہماری پالیسیوں کے مطابق ہے کیونکہ بینک کی رقم عوام کے ٹیکسوں سے جمع ہوتی ہے جو رکن ممالک ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بینک 2015ء میں تشکیل دیا گیا تھا اور اس نے جنوری 2016ء میں 57ممبران کے ساتھ 100ارب ڈالر کے سرمائے سے کام کا آغاز کیا ، اس کا مقصد ایشیاء میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے مالی تعاون فراہم کرنا ہے ،۔