خبرنامہ انٹرنیشنل

چین امریکا کی اب بھی سائبر جاسوسی کررہا ہے

واشنگٹن:(ملت+اے پی پی) امریکی خفیہ اداروں کے تین سربراہان کا کہنا ہے کہ معاہدے کے باوجود چین اب بھی امریکا اور اس کے اداروں کی سائبر جاسوسی کر رہا ہے۔ امریکی خفیہ ایجنسیوں کے تین سربراہان ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس جیمز کلیپر، نیشنل سیکیورٹی ایجنسی چیف مائیکل روگر اور انڈرسیکرٹری آف ڈیفنس فار انٹیلی جنس مارسل لیٹر نے سینیٹ کو اپنے مشترکہ بیان میں بتایا ہے کہ چینی صدر ژی جن پنگ کی جانب سے 2015 میں جاسوسی روکنے کی کوششوں کے باوجود چین اب بھی امریکی کمپنیوں اور تنظیموں کی سائبر جاسوسی کررہا ہے۔ تینوں خفیہ ایجنسی کے سربراہان نے صدارتی انتخاب میں ہیکنگ کے معاملے پر سینیٹ کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ روس کی مرکزی قیادت صدارتی انتخابات کے دوران ہیکنگ اور ڈیموکریٹک پارٹی کی حساس ترین دستاویزات کو عام کرنے میں ملوث ہے جب کہ ہم نے جائزہ لیا ہے جس کے مطابق صرف روس کے سینئر ترین حکام کو انتخابی ڈیٹا چوری کرنے اور اسے عام کرنے کی ہدایات دی گئی تھیں۔