خبرنامہ انٹرنیشنل

چین انسانی ترقی کے حوالے سے نمایاں خدمات سرانجام دیتا ہے، اقوام متحدہ

سٹاک ہوم (ملت + آئی این پی) اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی سربراہ ہیلن کلارک نیچین کی خدمات کو سرہاتے ہوئے کہا ہے کہ چین انسانی ترقی کے حوالے سے نمایاں خدمات سرانجام دیتا ہے، ترقی پزیر ممالک کے حقوق کی آواز اٹھانے اور منصفانہ عالمی نظام کے قیام کیلئے کوشش کرتا ہے، اقوام متحدہ کا ترقیاتی پروگرام چین کے ساتھ قریبی تعاون کرے گا۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی سربراہ ہیلن کلارک نے سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں چینی میڈیا خصوصی بات چیت میں کہا کہ چین انسانی ترقی کے فروغ کے حوالے سے نمایاں خدمات سرانجام دیتا رہا ہے۔عالمی سطح پر چین کے کردار کے حوالے سے کلارک نے کہا کہ چین کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ ایشیا، افریقہ، لاطینی امریکہ میں چین کی جانب سے سرمایہ کاری، قرض کی فراہمی اور تکنیکی مدد بڑی اہمیت کی حامل ہے، اس کے علاوہ چین طویل عرصے سے کثیرالجہتی نظام پر عمل پیرا ہے ۔چین جنوبی جنوبی تعاون میں اپنی ٹیکنالوجی اور تجربات شیئر کرتا ہے اور عالمی امور میں ترقی پزیر ممالک کے حقوق کی آواز اٹھانے اور مزید منصفانہ عالمی نظام کے قیام کے لئے کوشش کرتا ہے۔کلارک نے کہا کہ اقوام متحدہ کا ترقیاتی پروگرام چین کے ساتھ قریبی تعاون کرے گا تاکہ فریقین مشترکہ دلچسپی کے دیگر شعبوں میں مزید پیش رفت حاصل کر سکیں۔