خبرنامہ انٹرنیشنل

چین: تمباکو نوشی پر پابندی عائد

شنگھائی (ملت + آئی این پی) چین نے پبلک مقامات پر تمباکو نوشی پر پابند ی عائد کر دی جائے گی ، اس سلسلے میں قوانین کا مسودہ تیار کیا جارہا ہے ، توقع ہے کہ سال کے آخر تک اس کا اعلان کر دیا جائے گا ، پبلک مقامات پر قانونی طورپر تمباکو نوشی کی ممانعت صحت عامہ کی بہتری کیلئے بڑی اہمیت رکھتی ہے ۔یہ بات نیشنل ہیلتھ اینڈ فیملی پلاننگ کمیشن کی ماؤ کن آن نے نویں عالمی صحت کانفرنس سنگاپور کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اس پر اتفا ق ہو چکا ہے کہ تمباکو کے نقصانات کم سے کم کئے جائیں اور پبلک مقامات پر تمباکو نوشی کو کنٹرول کیا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ چینی حکومت اس مقصد کیلئے تمباکو نوشی کے نقصانات کے بارے میں عوام میں شعور پیدا کرے گی اور عوام کو قانونی پہلوؤں اور دیگر اقدامات سے آگاہ کرے گی ، حکومت تمباکو سے بننے والی اشیاء کی قیمتوں اور ٹیکسوں پر بھی نظر ثانی کرے گی اور عالمی صحت تنظیم کے فریم ورک کے اندر اس کے ضابطوں کو پورا کرنے کی کوشش کرے گی ،چین کے کم از کم بیس شہروں میں تمبا کو نوشی پر قابو پانے کیلئے از خود ہی اس مہینے قوانین منظور کرلئے ہیں ۔