بیجنگ:( اے پی پی )یوآن کی بے قدری کے باعث چین کے زرمبادلہ کے ذخائرچار سال کی کم ترین سطح پر آگئے، رواں سال جنوری میں ذخائر ایک کھرب ڈالر کم ہوگئے۔ پیپلز بینک آف چائنا کے مطابق گذشتہ چھ ماہ کے دوران غیرملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں چار سو بیس ارب ڈالر کمی ریکارڈ کی گئی، صرف جنوری دوہزار سولہ کے دوران زرمبادلہ کے حجم میں سو ارب ڈالر کمی ہوئی، جس کے بعد چین کے زرمبادلہ کے ذخائر بتیس کھرب ڈالر پر آگئے، جو دوہزار بارہ کے بعد پہلی بار ہے۔ تاہم چین تاحال زرمبادلہ کے ذخا ئرکے اعتبار سے دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے۔ دنیا کی دوسری بڑی معیشت کی سست روی کے پیش نظر پیپلز بینک آف چائنا نے بڑے پیمانے پر ڈالر فروخت کر کے یوآن کی خریداری شروع کردی ہے، جس کا مقصد معاشی بہتری کے ساتھ یوآن کی قدر کو سہارا دینا ہے۔