خبرنامہ انٹرنیشنل

چین میں زیر زمین پارکنگ کی تعمیر شروع

زینگ زو (ملت آن لائن + آئی این پی) مرکزی چین کے صوبہ ہونان کے دارالحکومت زینگ زو میں زیر زمین پارکنگ کی تعمیر کیلئے زمین کی کھدائی شروع کر دی گئی ہے، یہ کھدائی شیلڈ ٹنلنگ مشین کے ذریعے کی جارہی ہے ، چین کے مصروف شہر میں پارکنگ کے مسائل حل کرنے کے لئے کھدائی کا یہ طریقہ پہلی بار استعمال کیا جارہا ہے، اس منصوبے پر چائنا ریلوے انجنیئرنگ گروپ کمپنی لمٹیڈ کام کررہی ہے اور وہ ایسا محفوظ طریقہ استعمال کررہی ہے جس کے ذریعے زیر زمین پاکنگ سرنگ تیار کی جا سکے ،مشین کے ذریعے زمین کی تہہ سے چھ میٹر نیچے یہ کھدائی کی جارہی ہے جو کہ ایک پبلک سکوائر کے نیچے 3000سکوائر میٹر رقبے پر پارکنگ بنانے کے لئے ہے۔تعمیر کے اس نئے طریقہ کے مطابق کارکنوں کو صرف ایک چھوٹے سے رقبے میں فرش کی سطح پر کھدائی کرنا پڑتی ہے جس کے ذریعے شیلڈ ٹنلنگ مشین سرنگ بنانے کے لئے زیر زمین بھیجی جا سکے ۔کمپنی کے ڈائریکٹر گاؤ یی نے بتایا ہے کہ یہ منصوبہ پانچ مہینوں میں مکمل کر لیا جائے گا اور یہاں 100گاڑیوں کے پارک کرنے کی گنجائش موجود ہو گی ۔چائنا ریلوے انجنیئرنگ کمپنی کے چیئر مین تان شن ہوئی نے کہا ہے کہ شہری علاقوں میں پارکنگ کی مشکلات کے باعث زیر زمین پارکنگ کا یہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔