خبرنامہ انٹرنیشنل

چین میں غیر ملکی ذہین افراد کیلئے گرین کارڈ کا حصول آسان

بیجنگ: (آئی این پی )چین نے غیر ملکی ذہین افراد کیلئے گرین کارڈ کا حصول آسان بنا دیا گیا ، چین میں غیر ملکیوں ذہین افراد کی مستقل رہائش کے لیے قوانین میں ترمیم کی جا رہی ہے ۔ بیجنگ کی مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکیوں کے لئے چین میں مستقل رہائش با آسانی اختیار کرنے کے لئے نئے قوانین کا نفاذ یکم مارچ سے ہو گا ۔ چینی حکام کی طرف سے جاری کردہ نئے قوانین کے تحت چین میں اعلیٰ عہدوں پر فرائض سرانجام دینے والے غیر ملکی شہری ، دیگر ممالک میں پیدا ہونے والے چینی ،کاروباری افراد اور چین میں تعلیم مکمل کرنے والے غیر ملکی ذہین طلباء مستفید ہو سکیں گے ۔ ان قوانین کے تحت پی ایچ ڈی ڈگری کے حامل غیر ملکی شہریت رکھنے والے چینی شہری بھی چین میں مستقل رہائش اختیار کرنے کے مجاز ہوں گے ۔ جبکہ اس سے پہلے حکومتی ایجنسیوں میں کام کرنے والے افراد اور تعلیمی اداروں سے منسلک افراد گرین کارڈ کے حصول کے لیے اہل تھے لیکن نئے قوانین کے بعد یہ سہولت تمام ذہین غیر ملکی افراد کو مہیا ہو گی ۔