خبرنامہ انٹرنیشنل

چین میں غیر مناسب لباس پہنے والوں کو شادی کا لائسنس نہیں ملے گا

بیجنگ۔ 4 جون(اے پی پی) چین کے شہر بیجنگ میں شادی کی اجازت یا لائسنس کے لیے درخواست دائر کرنے کے لیے آتے وقت شادی کیخواہشمند جوڑوں کو لباس کا خاص طور پر خیال رکھنا پڑے گا ورنہ ان کی درخواست کو رد کیا جا سکتا ہے۔شہر کی سول افیئر بیورو نے شادی کے خواہشمند جوڑوں کے لیے نئی شرائط کا اعلان کیا ہے جس کے تحت شادی کا اجازت نامہ ان جوڑوں کو جاری نہیں کیا جائے گا جو ٹی شرٹ، شارٹ یا نکر پہن کر یہ اجازت نامہ حاصل کرنے آئیں گے۔بیجنگ کے سرکاری اخبار بیجنگ ڈیلی کے مطابق سول بیورو کے میرج رجسٹرڈ ڈائریکٹر ہان منگ ڑی کا کہنا ہے کہ لوگ اس سارے طریقہ کار کا احترام نہیں کر رہے۔انھوں نے کہا کہ یہ اب عام ہو گیا ہے کہ لوگ چپلیں اور نکر پہن کر آ جاتے ہیں جسے سے ان کی نظر میں شادی کے بارے میں لاپرواہی اور اہمیت کی عکاسی ہوتی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ لوگوں کا شادی کے بارے میں جو رویہ ہے اس سے بعد میں بہت سے مسائل جنم لیتے ہیں۔چین میں گذشتہ ایک دہائی سے طلاق کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ 2015 میں حکومت نے کہا تھا کہ 36 لاکھ جوڑوں نے اپنا بندھن توڑ لیا۔ بیجنگ میں ہر سال 55 ہزار طلاقیں ہوتی ہیں جو کہ ملک میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔