خبرنامہ انٹرنیشنل

چین نے امریکا سے تیل کی خریداری بند کردی

بیجنگ۔(ملت آن لائن) چینی حکومت نے امریکاسے تیل کی خریداری مکمل طور پر بند کر دی۔ایرانی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین کی جہاز رانی کی کمپنی مرچنٹ کے مالک شیہ چون لین نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ چین اور امریکا کے درمیان تجارتی جنگ کے شدّت اختیار کرجانے کے بعد چین نے امریکا سے تیل کی خریداری مکمل طور پر بند کر دی ہے۔انھوں نے چین کی آئل ریفائنریز اور تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ امریکا سے تیل کی خریداری کرنے سے گریز کریں۔اگست میں چین نے امریکا سے 97 لاکھ بیرل تیل خریدا تھا تاہم دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی آنے کے بعد ستمبر میں تیل کی یہ خریداری صرف 6 لاکھ بیرل پر پہنچ گئی۔دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی جنگ، امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے سٹیل اور ایلمونیم پر ٹیکس لگائے جانے کے بعد شروع ہوئی ہے اور دونوں ملکوں کی جانب سے اب تک مختلف مصنوعات اور اشیاء پر پچاس ارب ڈالر کا ٹیکس لگایا جا چکا ہے۔