خبرنامہ انٹرنیشنل

چین نے سی پیک بارے بھارتی تحفظات مسترد کر دیئے

نیو دہلی(آئی این پی ) چین نے سی پیک منصوبے، این ایس جی اور مسعود اظہر کے مسئلے پر بھارتی تحفظات مسترد کر دیئے ، چینی سفیر گذشتہ روز مختصر دورے پر بھارت پہنچے تھے جہاں انہوں نے اپنی ہم منصب بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے چین میں ہونے والی جی20- کانفرنس اور بھارت میں ہونے والی برکس سمٹ کو کامیاب بنانے کیلئے بات چیت کی ، دونوں وزرائے خارجہ نے اپنی ملاقات میں کانفرنسوں کو کامیاب بنانے پر اتفاق کیا ، اس موقع پر بھارتی وزیر خارجہ نے چینی وزیرخارجہ کے سامنے چین پاکستان اقتصادی راہداری پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا اوران پر واضح کیا کہ بھارت اس منصوبے کی مکمل طورپر مخالفت کرتا ہے کیونکہ یہ منصوبہ آزاد کشمیر کے متنازعہ علاقے سے گزررہا ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ چین وہ واحد ملک تھا جس نے نیوکلیئر سپلائر گروپ(این ایس جی ) میں بھارتی رکنیت کی مخالفت کی تھی اور اب چین جیش محمد کے مسعود اظہر پر اقوام متحدہ کی طرف سے لگائی گئی پابندیوں کی بھی مخالفت کررہا ہے ، بھارت کا موقف ہے کہ مسعود اظہر بمبئی حملوں اور پٹھان کوٹ میں ہونیوالی دہشتگردی کا ماسٹر مائنڈ ہے جس کی وجہ سے اقوام متحدہ نے جیش محمد کو کالعدم قراردیکر مسعود اظہر کو دہشتگرد قراردیا ہے لیکن چین اسے یو این ایس ای 1276کمیٹی کی فہرست میں شامل کرنے کو تیار نہیں اور ا س نے تکنیکی طورپر اسے روک رکھا ہے ، بھارتی وزیر خارجہ نے چین پر زوردیا کہ وہ اس کا از سرنو جائزہ لے اور دہشتگردی کے بار میں اپنے’’ زیر و ٹالرنس‘‘ موقف کے مطابق دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرے۔ چینی وزیر خارجہ نے بھارتی وزیر خارجہ کے تحفظات کو تحمل سے سنا تا ہم انہیں یکسر مسترد کر دیا ۔چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے ابھی تک ایٹمی عدم پھیلاؤ ( این پی ٹی) کے معاہدے پر دستخط نہیں کئے ا س لئے وہ این ایس جی کا رکن نہیں بن سکا جہاں تک مسعود اظہر کا معاملہ ہے بھارتی حکومت کو اس سلسلے میں پاکستان سے بات کرنی چاہئے جبکہ چین پاکستان راہداری منصوبہ کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں ا س طرح چینی وزیر خارجہ نے بھارتی تحفظات اور شکایات کو مسترد کر دیا ، یادرہے کہ چینی وزیر خارجہ چین میں آئندہ ماہ ہونیوالی جی 20- کانفرنس اور بھارت میں اکتوبر میں ہونے والی برکس سمٹ کے سلسلے میں صلاح ومشورہ کیلئے بھارت آئے تھے ۔مبصرین کے مطابق بھارت کی طرف سے اس موقع پر سی پیک ،مسعود اظہر اور این ایس جی میں بھارت رکنیت کا معاملہ اٹھانا سفارتی آداب کیخلاف تھا ۔