خبرنامہ انٹرنیشنل

چین کا ماؤنٹ ایورسٹ پرچاکنگ کرنےوالےسیاحوں کوسزادینے پرغور

بیجنگ:(اے پی پی) اگلی مرتبہ اگر آپ ماؤنٹ ایورسٹ کےچینی حصے پر موجود ہیں تو وہاں اپنا نام لکھنے اور نقش و نگاری سے باز رہیں کیونکہ چینی حکام کی نظر آپ پر ہوگی اور آپ کو اس حرکت پر سزا بھی مل سکتی ہے۔ چینی حکام نے ماؤنٹ ایورسٹ والے اپنے حصے پر دو اہم کتبوں پر سیاحوں کی جانب سے لکھے جانے والے نام اور نقش ونگار کو مٹادیا ہے جو شمالی بیس کیمپ کے پاس موجود تھے۔ چینی حدود میں موجود ماؤنٹ ایورسٹ پر آنے والے سیاح اور لوگ جگہ جگہ اپنا نام، تاریخ اور پیغام چھوڑ جاتے ہیں جو چینی، انگریزی اور تبتی زبان میں کندہ ہیں۔ چینی حکام کے مطابق سطح سمندر سے 5200 میٹر بلند ماؤنٹ ایورسٹ کے چینی بیس کیمپ پر ان تحریروں سے حکام عاجز ہیں اور اب ایسا کرنے والوں کوسزا دینے پر غور کیا جارہا ہے۔ چین میں سیاحت کے ایک افسر نے کہا ہے کہ حکومت سیاحوں کے لیے ایک الگ سے دیوار تعمیر کرنے پر غور کررہی ہیں جہاں وہ اپنے پسند کے پیغامات لکھ سکیں گے۔ چینی حکومت کے مطابق ایسی ہی دیوار تحریر چین کے دیگر تفریحی مقامات پر قائم کرنے پر غور ہورہا ہے۔ مثلاً دیوار چین کے خارجی اور داخلی راستوں پر بھی لوگ اپنا نام اور پیغام لکھتے رہتے ہیں جس سے اس تاریخی ورثے کی خوبصورتی متاثر ہورہی ہے- چین میں خوشحالی اور دولت کی ریل پیل سے مقامی آبادی کا بہت بڑا حصہ چین کے تفریحی اور تاریخی مقامات کا دورہ کرتا رہتا ہے۔ حکومت نے ان تاریخی مقامات پر اپنا نام تحریر کرنے والے افراد پر مشتمل ایک ڈیٹا بیس بھی تیار کیا ہے اور ہوٹل، ایئرلائنز اور ٹورآپریٹرز سے کہا ہے کہ وہ ایسے لوگوں کو کسی تفریحی مقام پر نہ لے جائیں۔