خبرنامہ انٹرنیشنل

چین کا پوری نسل کوغربت سے نجات دلانا معجزہ ہے: مشاہد

بیجنگ( آئی این پی ) چین پاک اقتصادی راہداری (سی پی ای سی )کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے چیئر مین سینیٹر مشاہد حسین نے 25سال کے عرصے میں 600ملین تک پر مشتمل ایک پوری نسل کو غربت سے نکال کر اقتصادی معجزہ سر انجام دینے پر چین کی کمیونسٹ پارٹی (سی پی سی ) کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے ۔سی پی سی کے یوم تاسیس کی آنیوالی 95ویں سالگرہ کے موقع پر چینی میڈیا کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ تین دہائی سے کم عرصے میں ملک کو دنیا کی دوسری بڑی معیشت میں تبدیل کرنا بلا شبہ دنیا میں انتہائی قابل قدر اقتصادی معجزوں میں شمار ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 25برسوں میں ایک نسل نے 600ملین افراد کو غربت سے نجات دلائی گئی ہے ،سی پی سی کی قیادت کی انتہائی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی جمہوریہ چین کے قیام سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی کوششیں ان کی دور اندیشی کی مظہر ہیں کیونکہ ان کا علاقائی امور پر مثبت اثر مرتب ہوا ہے ۔مشاہد حسین سید نے پاک چین تعلقات کے خصوصی حوالے سے کہا کہ گذشتہ برسوں میں تعلقات تیزی سے بڑھے ہیں تا ہم صدر شی جن پنگ کی طرف سے بنیادی ڈھانچے پر 46بلین امریکی ڈالر خرچ کرنے کے اعلان سے چینی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ،2013ء میں چین کی طرف سے غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری 1.3بلین ڈالر اور 2014ء میں 1.8بلین امریکی ڈالر تھی ۔انہوں نے کہا کہ بیجنگ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا مرکزی حصہ ہے جس کا مقصد ایشیاء بھر میں تجارت اور ٹرانسپورٹ کے نئے روٹ کھولنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کا مقصد پاکستان کے عوام کو اقتصادی طورپر بااختیار بنانے کے بارے میں زیادہ سے زیادہ توجہ کے ساتھ پاکستان میں صنعتیں قائم کرنے اور بنیادی ڈھانچوں کی ترقی کی مختلف سطحوں کے ساتھ توانائی کے بحران کے مسئلے کو حل کرنا ہے ۔