خبرنامہ انٹرنیشنل

چین کمبوڈیا کو وبائی امراض کی تحقیق کیلئے لیبارٹری عطیہ کرے گا

نوم پنہ (ملت + آئی این پی) چین اور کمبوڈیا کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں جس کے مطابق کمبوڈیا میں وبائی امراض پر قابو پانے کے لئے چین اسے ایک لیبارٹری کا تحفہ دے گا تا کہ کمبوڈیا زیکا اور ا یبولا جیسی بیماریوں کا سراغ لگانے اور ان کے علاج کی استعداد میں اضافہ کر سکیں ۔مقامی ذرائع ابلاغ میں محکمہ صحت کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے مفاہمت کی دستاویز ( ایم او یو ) پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت چین وبائی امراض کے ٹیسٹ کیلئے کمبوڈیا کو ایک لیبارٹری کا عطیہ دے گا ۔ کمبوڈیا کی وزارت صحت کے ترجمان لائی سوان جو کہ وبائی امراض کے محکمے کے ڈائریکٹر بھی ہیں نے کہا ہے کہ اس لیبارٹری کی تعمیر بہت جلد شروع ہو جائے گی اور اسے دو سال میں مکمل کر لیا جائے گا ، دونوں ممالک اس شعبے میں تربیت اور تجربے کا تبادلہ بھی کریں گے ۔