تہران ۔(اے پی پی) چین کی پہلی مال بردار ٹرین ترکمنستان کے راستے ایران پہنچ گئی۔ یہ ریل گاڑی دو ہفتے قبل چین کے صوبے جہ جیانگ کے شہر یی وو سے روانہ ہو کر قزاخستان اور ترکمنستان سے ہوتے ہوئے ایران کے شمال مشرقی شہر سرخس پہنچی۔ اس پروجیکٹ پر چین کی کمپنی تیانمن کام کر رہی ہے اور اس نے اعلان کیا ہے کہ یہ پہلی مال گاڑی ہے جو چین کو وسطی ایشیا کے ملکوں اور ایران سے ملا رہی ہے۔تجارتی سامان سے لدی ہوئی چین سے ایران پہنچنے والی اس ٹرین نے ایران پہنچنے کے لئے دس ہزار تین سو انتالیس کلو میٹر کا راستہ چودہ دن میں طے کیا ۔ توقع کی جا رہی ہے کہ شاہراہ ریشم کو دوبارہ فعال کرنے کے منصوبے کے تحت ریلوے ٹریک سے شروع ہونے والی ان تجارتی سرگرمیوں سے وسطی ایشیا، مشرق وسطی اور ایران سے چین کی تجارت بہت بڑھ جائے گی۔