چیک ری پبلک کا اپنا سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان
لاہور:(ملت آن لائن) چیک جمہوریہ کے صدر میلوس زیمن نے اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان کردیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دے کر اپنا سفارتخانہ تل ابیب سے القدس منتقلی کے فیصلے کے بعد چیک جمہوریہ نے بھی سفارتخانہ القدس منتقل کرنے کا اعلان کردیا۔
چیک جمہوریہ کے صدر نے کہا کہ ملکی سفارتخانہ تین مرحلوں میں تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کیا جائے گا، ابتدائی طور پر اعزازی قونصلیٹ آئندہ ماہ القدس میں کھولا جائے گا۔
امریکا کا اسرائیل کے یومِ تاسیس پرالقدس میں سفارتخانہ کھولنے کا اعلان
چیک جمہوریہ کے وزیرخارجہ نے بتایا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں سفارتخانے کے ساتھ ساتھ ثقافتی مرکز بھی کھولا جارہا ہے اور مرحلہ وار قونصل خانے کو مکمل کیا جائے گا تاہم انہوں نے سفارتخانے کی مکمل منتقلی کے حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں امریکی اعلان کے خلاف اقوام متحدہ نے بھاری اکثریت سے قرارداد منظور کی تھی تاہم امریکا نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رواں سال مئی میں سفارتخانہ القدس منتقل کرنے کا اعلان کردیا۔