خبرنامہ انٹرنیشنل

چی گویرا کی پورٹریٹ بنانے والے مصور نے احد تمیمی کی تصویر بھی بنادی

چی گویرا کی پورٹریٹ بنانے والے مصور نے احد تمیمی کی تصویر بھی بنادی

مقبوضہ بیت القدس:(ملت آن لائن) ارجنٹائن کے انقلابی لیڈر چی گویرا کی ایک پورٹریٹ سے مقبول ہونے والے آئرلینڈ کے مصور نے فلسطینی مزاحمت کی علامت لڑکی عہد تمیمی کی تصویر بنا کر آزادی کے اس استعارے کو قابض فوج کے سامنے ڈٹ جانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ آئرش مصور جمِ فیٹز پیٹرک نے اسرائیلی جیل میں قید احد تمیمی سے اظہار یکجہتی کے طور پر ان کی تصویر بناکر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی ہے جس میں فلسطینی مزاحمت کار کو ہالی ووڈ کی معروف فلم اور کامک کریکٹر ونڈر وومین کی مناسبت سے حقیقی ’ونڈر وومین‘ قرار دیا ہے۔ مصور نے تصویر کو ابلاغ کے لیے کاپی رائٹ فری کیا ہے تاکہ فلسطینی لڑکی سے ہمدردی رکھنے والے نئی تصویر کو آن لائن پھیلادیں۔ آئرش مصور کی جانب سے احد تمیمی کی تصویر بنانے کا مقصد فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانا اور دنیا کو اس سے آگاہ کرنا ہے۔ فلسطینی باشندوں نے جمِ فیٹز پیٹرک کی اس نئی تصویر پر مبنی بڑے بڑے بل بورڈز مقبوضہ بیت المقدس کی سڑکوں پر آویزاں کردیے ہیں۔ اسی ضمن میں امریکی مزاحیہ اداکارہ سارہ لیورمین نے بھی احد تمیمی کے حق میں آوازاٹھاتے ہوئے یہودیوں کو اسرائیلی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل کی ہے۔