کوپن ہیگن ۔ (اے پی پی) دنیا کے خوش و خرم ترین ممالک کی فہرست میں ڈنمارک نے سوئٹزرلینڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ویسے تو خوشی ناپنے کا کوئی پیمانہ نہیں ہے لیکن بدھ کے روز اقوام متحدہ کے سسٹین ایبل سلوشن نیٹ ورک اور دی ارتھ انسٹی ٹیوٹ، کولمبیا یونیورسٹی کی جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں جائزہ لیا گیا ہے کہ دنیا کے کون سے ممالک ایسے ہیں جن کے عوام خوش ہیں اور اْن کی خوشی کی وجہ کیا ہے۔گذشتہ سال سوئٹزر لینڈ کو دنیا کا خوش ترین ملک قرار دیا گیا تھا۔اس رپورٹ کے مطابق شام اور افغانستان علاوہ سب صحارہ خطے کے آٹھ افریقی ممالک دنیا کے سب سے زیادہ ناخوش ممالک ہیں۔157 ممالک کی فہرست میں پاکستان کا 92واں نمبر ہے جبکہ بھارت اس فہرست میں 118ویں نمبر پر ہے۔دنیا کے خوش ترین ممالک میں سرفہرست ڈنمارک، سوئٹزرلینڈ، آئس لینڈ، ناروے، فن لینڈ، کینیڈا، ہالینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور سوئیڈن ہیں۔گذشتہ سال ڈنمارک اس فہرست میں سوئٹزرلینڈ اور آئس لینڈ کے بعد تیسرے نمبر پر تھا۔رپورٹ کے مطابق دنیا کے خوش ترین ممالک کی فہرست میں آخری دس ممالک میں مڈغاسکر، تنزانیہ، لائبیریا، گنی، روانڈا، بنین، افغانستان، ٹوگو، شام اور برونڈی شامل ہیں۔امریکا کا 13 واں، برطانیہ کا 23 واں، فرانس کا 32 واں اور اٹلی کا 50 واں نمبر ہے۔