خبرنامہ انٹرنیشنل

ڈونلڈ ٹرمپ اخلاقی طور پر صدارت کے اہل نہیں، سابق ایف بی آئی سربراہ

ڈونلڈ ٹرمپ اخلاقی طور پر صدارت کے اہل نہیں، سابق ایف بی آئی سربراہ

واشنگٹن:(ملت آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے سابق سربراہ جیمز کومی کے درمیان لفظی جنگ شدت اختیار کرچکی ہے۔ ایک طرف جہاں جیمز کومی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اخلاقی طور پر صدارتی منصب کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے اہل نہیں، وہیں ٹرمپ نے جیمز کومی کو ایف بی آئی کی تاریخ کا بدترین سربراہ قرار دے ڈالا۔
امریکا کے سی این بی سی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں جیمز کومی کا کہنا تھا کہ ‘ٹرمپ عادی جھوٹے، خواتین کی تحقیر کرنے والے اور اپنے ساتھ کام کرنے والے ہر شخص کے لیے بد نما داغ ہیں’۔ جیمز کومی نے کہا کہ ‘وہ اس بات پر یقین نہیں رکھتے کہ ڈونلڈ ٹرمپ بھولنے کی بیماری کے ابتدائی مراحل میں ہیں یا ذہنی طور پر کسی طرح بھی نا اہل ہیں، جو شخص دوسروں پر کڑی نظر رکھے اور ہر بات کا حساب کتاب رکھے وہ کسی طرح بھی معمولی ذہانت کا مالک نہیں ہوسکتا’۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘میرا خیال ہے کہ ٹرمپ اخلاقی طور پر صدر کے عہدے کے لیے نااہل ہیں۔’