خبرنامہ انٹرنیشنل

ڈونلڈ ٹرمپ بہروپیا اور دھوکا باز ہے: جارج سوروس

ڈیوس: (ملت+اے پی پی) ارب پتی امریکی سرمایہ کار جارج سوروس نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بہروپیا اور دھوکا باز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جس تجارتی جنگ کی تیاری کررہے ہیں وہ اس میں ناکام ہوں گے۔ سوٹزر لینڈ کے شہر ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ مستقبل کے ڈکٹیٹر ہیں۔ٹرمپ جن اصولوں کو بنیاد بنا کر کام کررہے ہیں ان کے اندر تضاد موجود ہے ۔ انہوں نے ایک کی بجائے اپنے تین چیفس آف سٹاف بنائے اور ان کی کابینہ کے ارکان پہلے ہی ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں۔ا نہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد امریکی سٹاک مارکیٹ میں تیزی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرمپ کی طرف سے ٹیکسوں میں کمی کے وعدے کا نتیجہ ہے لیکن ان کے حلف اٹھانے کے 24 گھنٹے بعد ہی اصل صورتحال سامنے آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی عوام میں مزید اختلافات پیدا کریں گے۔ جارج سوروس نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اختلاف رائے برداشت نہیں کرسکتے۔