خبرنامہ انٹرنیشنل

ڈونلڈ ٹرمپ سے الجھنے والے ولید بن طلال کون؟

ڈونلڈ ٹرمپ سے الجھنے والے ولید بن طلال کون؟

ریاض: (ملت آن لائن) لندن کے سیوائے ہوٹل اور کنگڈم ہولڈنگ کمپنی کے مالک شہزادہ الولید بن طلال دنیا کے امیر کبیر شخص ہیں، فوربس کے مطابق ان کے سترہ ارب ڈالر کے اثاثے ہیں۔ حراست میں لیے جانے کی خبر آنے کے بعد کنگڈم ہولڈنگ کمپنی کے حصص کی قدر میں 9.9 فیصد کمی ہوئی۔ انہوں نے ٹوئٹر، ایپل کے علاوہ سٹی گروپ، فور سیزنز ہوٹلوں کے سلسلے اور روپرٹ مرڈوک کی نیوز کارپوریشن میں بھی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔ وہ اپنی کمپنیوں میں خواتین کو نوکریاں دینے کی وجہ سے بھی مشہور ہیں۔ ان کے عملے میں دو تہائی خواتین ہیں۔ وہ اپنی سو ملین ڈالر مالیت کی ان تفریح گاہوں کی وجہ سے بھی جانے جاتے ہیں جو انہوں نے صحرا میں بنائی ہوئی ہیں جہاں انہوں نے پست قد لوگوں کو رکھا ہوا ہے تا کہ وہ آنے والوں کو تفریح فراہم کر سکیں۔دو سال قبل شہزادہ الولید نے ان پائلٹوں کو مہنگی گاڑیاں دینے کی پیشکش کی تھی جو پڑوسی ملک یمن پر بمباری میں حصہ لے رہے ہیں۔ چند برس قبل انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک ہوٹل اور ایک پرآسائش کشتی کو خرید لیا تھا۔ اس وقت ڈونلڈ ٹرمپ سیاست میں داخل نہیں ہوئے تھے لیکن بعد میں ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکہ کے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے فیصلے پر انہوں نے ٹوئٹر پر ان سے لڑائی کی۔ شہزادہ الولید بن طلال نے ٹوئٹ کی کہ تم نہ صرف ریپبلکن پارٹی کے لیے تذلیل کا باعث ہو بلکہ پورے امریکہ کے لیے بھی۔ امریکہ کی صدارت کی دوڑ سے دستبردار ہو جاؤ کیونکہ تم کبھی نہیں جیت سکتے۔ جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے شہزادہ الولید کی دولت کے ذرائع کا مذاق اڑایا اور کہا “احمق شہزادہ اپنے باپ کی دولت سے امریکہ کے سیاستدانوں کو قابو کرنا چاہتا ہے۔ جب میں منتخب ہو جاؤں گا تو وہ ایسا نہیں کر سکے گا”۔ جب ٹرمپ امریکہ کے صدر منتخب ہو گئے تو شہزادے نے انہیں مبارکباد بھی دی۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شہزادہ الولید بن طلال کی گرفتاری کے بین الاقوامی کاروباری برادری پر بھی اثرات مرتب ہوں گے۔ 62 سالہ شہزادہ 2000 سے 2006 تک دنیا کے 10 امیر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل رہا جبکہ 2004 میں وہ دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص تھے۔ جولائی 2015 میں شہزادہ الولید بن طلال نے اپنے تمام 32 ارب ڈالرز کے اثاثے آنے والے برسوں کے دوران فلاحی منصوبوں کے لیے وقف کرنے کا اعلان کیا تھا۔ وہ سفر کے لئے 50 ارب روپے کا ذاتی طیارہ استعمال کرتے ہیں، ان کے تین ذاتی محل ہیں جن میں سے ایک محل میں تین سو سترہ کمرے ہیں جن میں اعلیٰ معیار کا پندرہ ہزار ٹن اطالوی سنگ مرمر استعمال کیا گیا ہے۔