خبرنامہ انٹرنیشنل

ڈونلڈ ٹرمپ مئی میں مجوزہ نیٹو سمٹ میں شریک ہوں گے،وائٹ ہاؤس

واشنگٹن (ملت + آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی مئی میں مجوزہ سربراہ کانفرنس میں شریک ہوں گے۔امریکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤ س کی جانب سے اس امر کی تصدیق کرتے ہوئے کہ وسط اپریل ہی میں ٹرمپ نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ کے ساتھ ملاقات کریں گے بتایا ہے کہ اس سمٹ میں ٹرمپ نہ صرف نیٹو میں امریکا کے بھرپور کردار پر زور دیں گے بلکہ نیٹو میں ساتھی ممالک کے ساتھ کچھ اختلافی معاملات پر بھی بات کریں گے۔ ان معاملات کا تعلق بوجھ کی تقسیم اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نیٹو کے کردار سے بتایا گیا ہے۔ ٹرمپ نے اس سال وسط جنوری میں ہی اس دفاعی اتحاد کو فرسودہ قرار دیتے ہوئے شکایت کی تھی کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس دفاعی اتحاد کے اقدامات ناکافی ہیں۔