خبرنامہ انٹرنیشنل

ڈونلڈ ٹرمپ معصوم بچےسےبھی ناراض، ہال سےباہرنکال دیا

امریکہ:(اے پی پی) امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ روز کسی نہ کسی نئے تنازع کے سبب خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں ۔گزشتہ روز انہوں نے ورجینیامیں انتخابی ریلی میں بچے کے رونے پر ماں بیٹے کو ہال سے باہر نکال دیا ۔ ریاست ورجینیا میں انتخابی ریلی کے دوران ہال میں جب ایک بچہ رونے لگا تو پہلے تو ٹرمپ نے کچھ نہیں کہا لیکن جب بچہ چُپ نہ ہوا تو ٹرمپ نے ماں کو بچے سمیت ہال سے باہر نکل جانے کا کہہ دیا ۔ اس سے پہلے پاکستانی نژاد امریکی فوجی کے خاندان پر تنقید کرنے والے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدر اوباما نے بھی آڑے ہاتھوں لیا تھا ۔وائٹ ہاؤس میں نیوز کانفرنس کے دوران امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ٹرمپ صدارت کے لیے مناسب نہیں ہیں۔ تاہم ٹرمپ نے تنقید مسترد کر دی ۔ جواب میں کہا کہ ہیلری نے اپنی پالیسیوں سے یہ بات ثابت کیا ہے کہ وہ کسی بھی سرکاری عہدے کے لیے ناموزوں ہیں ۔ ۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ہی پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایوان نمائندگان کے اسپیکر پال ریان اور سینیٹر جان مک مکین کی سینیٹر شپ کے لیے حمایت کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر تنقید کرنے والوں میں ریاست نیو جرسی کے گورنر بھی شامل ہوگئے ہیں ۔ گورنر کرس کرسٹی کا تعلق بھی ری پبلکن پارٹی سے ہے تاہم انہوں نے بھی ٹرمپ کے مسلم خاندان پر تنقید کو نامناسب قرار دیا ۔ ادھر فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ حد سے تجاوز کرجاتے ہیں اور ان کے بیانات آپ کو بیمار کردیتے ہیں اور آپ کا دل چاہتا ہے کہ آپ ‘قے کردیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکی عوام نے ٹرمپ کا انتخاب کیا تو انہیں اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے ۔