خبرنامہ انٹرنیشنل

ڈونلڈ ٹرمپ نے’اپنا ترجمان خود‘والے ٹیپ کومستردکردیا

واشنگٹن:(اے پی پی) امریکا میں رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمند ڈونلڈ ٹرمپ نے 1990ء کی دہائی میں شائع ہونے والے ایک آڈیو ٹیپ میں خود کو اپنا ترجمان ظاہر کرنے کو مسترد کر دیا ہے۔امریکی اخبار دی واشنگٹن ٹائمزکے مطابق ٹو ڈے شو میں اپنا ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اس کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آپ مجھے اس آڈیو ٹیپ کے بارے میں پہلی بار بتا رہے ہیں اور اس میں سنائی دینے والی آواز میری آواز سے بالکل بھی نہیں ملتی ہے۔انھوں نے کہا کہ میرے پاس ایسے متعدد افراد ہیں جو میری آواز کی نقل اتارنے کی کوشش کر رہے ہیں اور آپ اس کا تصور کر سکتے ہیں۔ان کے مطابق آڈیو ٹیپ میں سنائی دی جانے والی آواز انھی دھوکوں کی طرح ایک دھوکا ہے ۔واضح رہے کہ دی واشنگٹن ٹائمزکا کہنا ہے کہ انہوں نے 1991ء کی ایک ایسی آڈیو ٹیپ حاصل کی ہے جس کے مطابق فون پر ہونے والی گفتگو میں پی آر مینیجر خود کو جان ملر بتا رہا ہے تاہم آواز سے وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح لگتا ہے۔