خبرنامہ انٹرنیشنل

ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر بنتے اپنی ویب سائٹ سے مسلم مخالف بیانات ہٹا دیئے

نیو یارک:(ملت+اے پی پی) انتخابی مہم کے دوران مسلمانوں کے لئے امریکا میں پابندی عائد کرنے کے بڑے بڑے دعوے کرنے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدر بنتے ہی اپنی ویب سائٹ سے مسلم مخالف بیانات ہٹا دیئے۔ امریکی صدارتی انتخابات میں فتح حاصل کرتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کی ویب سائٹ پر موجود ہر قسم کے مسلم مخالف بیانات ہٹا دیئے گئے ہیں اور اب ٹرمپ کے مسلم مخالف بیانات والے صفحات پر دوسرے لنک ڈال دیئے گئے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی ویب سائٹ پر مسلم مخالف بیانات والے صفحات صدارتی الیکشن والے روز 8 نومبر کی صبح تک موجود تھے لیکن اسی رات انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد ان صفحات کو ہٹا دیا گیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران کئی متنازع اور نسلی امتیاز پر مبنی بیانات دیئے اور خاص طور پر انہوں نے مسلمانوں کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کی، مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے سب سے زیادہ زور امیگریشن پر دیا اور اپنے متنازع اور سخت گیر خیالات کا اظہار کر کے انہوں نے پورے ملک میں ہیجان اور بے چینی پیدا کی جب کہ خاص طور پر امریکا میں بسنے والے مسلمانوں میں ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق تشویش پائی جاتی ہے۔