خبرنامہ انٹرنیشنل

ڈونلڈ ٹرمپ نے مشی گن اور مسی سپی میں پارٹی کی طرف سے نامزدگی کیلئے انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی

واشنگٹن ۔(اے پی پی) امریکا کے صدارتی انتخابات کے پرائمری مرحلے میں ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیداور ڈونلڈ ٹرمپ نے مشی گن اور مسی سپی میں پارٹی کی طرف سے نامزدگی کے لئے انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی ہے جس سے انہیں اپنے مخالف امیدواروں پر سبقت حاصل ہوگئی ہے۔ دوسری جانب ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن نے بھی صدارتی انتخابات کے پرائمری مرحلے میں ریاست مسی سپی میں کامیابی حاصل کر لی ہے ، ہلیری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ دونوں نے اس موقع پر جو ٹویٹ کیا اسکا متن بالکل ایک جیسا تھا یعنی ’’ شکریہ مسی سپی‘‘ امریکی تجزیہ نگاروں کے مطابق اگر چہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ہلیری کلنٹن کی مسی سپی میں کامیابی نہایت اہم ہے تاہم ابھی بھی مکمل کامیابی کے لیے ان کو مزید محنت اور انتظار کرنا ہوگا۔ تاہم یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہلیری کلنٹن نے اب تک 21 میں سے 12 پرائمری حلقوں سے کامیابی حاصل کی ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ نے ابتک 22 میں سے 14 پرائمری حلقوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔