خبرنامہ انٹرنیشنل

ڈونلڈ ٹرمپ نے پوری دنیا کے سامنے امریکی امیج مسخ کیا ، جان پوڈیستا

اوہائیو(آئی این پی ) ہیلری کلنٹن کی انتخابی مہم کے انچارج جان پوڈیستا نے ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے جوش خطابت میں امریکیوں کو متاثر نہیں کیا بلکہ امریکی عوام یہ سوچنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے پوری دنیا کے سامنے امریکہ کی سیاہ تصویر پیش کر کے امریکہ کے امیج کو نقصان پہنچایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا نفرت سے بھرپور لب و لہجہ کسی مہذب معاشرے کے لیڈر کا نہیں ہو سکتا وہ امریکہ کو بھی اپنے ریئل اسٹیٹ کاروبار کی طرز پر چلانا چاہتے ہیں جو کہ ممکن نہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ پوری دنیا کے سامنے امریکہ کی احسن طریقے سے نمائندگی کرنے کے اہل نہیں ۔ واضح رہے اس کنونشن میں ریپبلکن کے اہم رہنماؤں نے شرکت نہ کر کے ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح پیغام دیدیا ہے کہ وہ اس بار الیکشن میں انہیں ووٹ نہیں دینگے جبکہ دوسری طرف ڈونلڈ ٹرمپ کا موقف ہے کہ پارٹی کے اندر اختلافات جلد ختم ہو جائینگے ۔