خبرنامہ انٹرنیشنل

ڈونلڈ ٹرمپ کامظاہرین کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان

واشنگٹن: (اے پی پی)فلوریڈا،شمالی اور جنوبی کیرولائنا میں احتجاجی مظاہروں سے پریشان ڈونلڈ ٹرمپ نے مظاہرین کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کردیا، ڈیموکریٹک پارٹی کی ہیلری کلنٹن اور برنی سینڈرز نے پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کیلئے کمر کس لی ہے۔امریکی صدارتی امیدواروں کے انتخاب کی دوڑ میں شامل ریپلکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مختلف ریاستوں میں احتجاج کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، جنوبی کیرولائنا کے بعد فلوریڈا میں بھی مظاہرین نے انتخابی ریلی کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف احتجاج کیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ریاست فلوریڈا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ احتجاج کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے،ٹرمپ نے جلسوں میں مظاہرین کو اکسانے کا الزام میڈیا پر عائد کیا،دوسری جانب ڈیموکریٹ امیدوار پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کیلئے ریلیوں میں مصروف ہیں۔ہیلری کلنٹن نے شمالی کیرولائنا میں خطاب کے دوران کہا کہ پرائمری الیکشن کی جیت جنرل الیکشن کیلئے اہم ہوتی ہے اور اسکے لئے مجھے شمالی کیرولائنا کی مدد کی ضرورت ہے،آپ کے ووٹ حاصل کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہوگی،مجھے امید ہے کہ میں آپکی نامزد امیدوار بنوں گی۔برنی سینڈرز نے بھی ریلی کے دوران ریپلکن پارٹی کے مختلف ریاستی گورنرز کو آڑے ہاتھوں لیا،ہمیں ووٹر ٹرن آوٴٹ کی شرح کو بڑھانے کیلئے خصوصی اقدامات کرنے ہونگے،ری پلکن پارٹی کے گورنر ڈرپوک ہیں،یہ لوگ آزاد اور شفاف الیکشن سے ڈر رہے ہیں اور اگر یہ لوگ آزاد اور شفاف الیکشن نہیں کرانا جانتے تو کوئی اور نوکری ڈھونڈ لیں۔امریکی صدارتی امیدواروں کی نامزدگیوں کے انتخابات ریاست فلوریڈا،الینوائے،میزوری،شمالی کیرولائنا اور اوہائیو میں آج ہونے جا رہے ہیں۔