خبرنامہ انٹرنیشنل

ڈونلڈ ٹرمپ کلیدی ریاستوں میں پسپا!

واشنگٹن : (اے پی پی) امریکا میں رواں سال ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے جاری انتخابی مہم فیصلہ کن مرحلے میں پہنچ چکی ہے مگر موجودہ انتخابی مہم سے ظاہر ہوتا ہے کہ ری پبلیکن پارٹی کے نامزد کردہ صدارتی امیدار ڈونلڈ ٹرمپ ماضی کی نسبت پہلی بار نارتھ کیرولینا، جارجیا، انڈیانا اور میزوری جیسی ریاستوں میں پسپا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ابھی تک ان ریاستوں میں مہم چلانے کے لیے ٹی وی پر ایک ڈالر بھی پروپیگنڈے پر خرچ نہیں کیا ہے۔ اس سے لگتا ہے کہ ٹرمپ کو ان کلیدی ریاستوں کی جانب سے سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تاہم توقع ہے کہ رواں ماہ یا اگلے ایک ماہ کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کوئی نئی قلا بازی کھائیں گے اور خود کو انریاستوں میں بھی نمایاں کرنے کے لیے کوشش کریں گے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی مہم پر ٹی وی چینلوں پر اس لیے رقوم خرچ نہیں کررہے کیونکہ انہیں یہ مقصد پیسے لگانے کے بغیر بھی حاصل ہو رہا ہے۔ وہ کوئی ایک آدھ متنازع بیان جاری کرتی ہے جسے اگلے چوبیس گھنٹے تک امریکی ذرائع ابلاغ اس تواتر کے ساتھ نشر کرتے ہیں کہ ٹرمپ کو اپنے اشتہارات چلانے کی ضرورت ہی نہیں پڑتی۔گوکہ ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے اب تک 12 ملین ڈالر کی رقم ٹرمپ کی حمایت میں ذرائع ابلاغ میں اشتہارات اور پروپیگنڈے پر صرف کی ہے۔ ان کے مقابلے میں ڈیموکریٹس کی صدارتی امیدوارہ ہیلری کلنٹن اب تک 61 ملین ڈالر کی رقم پھونک چکی ہیں۔ 43 ملین ڈالر اس کے علاوہ ہیں جو ہیلری کے حامیوں کی جانب سے ان کی حمایت میں پروپیگنڈے کے لیے خرچ کیے گئے۔