خبرنامہ انٹرنیشنل

ڈونلڈ ٹرمپ کوگولی مارکرقتل کرنےکی کوشش ناکام

لاس اینجلس: (اے پی پی) امریکی پولیس نے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو جلسے کے دوران گولی مار کر قتل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 19 سالہ برطانوی نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ مائیکل سینڈ فورڈ نامی نوجوان نے گرفتاری کے بعد اعتراف کیا کہ اس نے ایک روز قبل فائرنگ کی باقاعدہ مشق کی تھی اور قاتلانہ حملہ ناکام ہونے کی صورت میں دوبارہ کوشش کے لئے ڈونلڈ ٹرمپ کے آئندہ جلسے میں شرکت کے ٹکٹ بھی خرید رکھے تھے۔ سینڈ فورڈ نے مزید بتایا کہ اسے یہ بھی علم تھا کہ وہ اپنے منصوبے پر عملدرآمد کے دوران امریکی پولیس کے ہاتھوں مارا بھی جاسکتا ہے۔ پولیس کے مطابق سینڈ فورڈ لاس ویگاس میں ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخابی جلسے میں شریک تھا جہاں اس نے ایک پولیس اہلکار سے اس کی گن چھین کر ڈونلڈ ٹرمپ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن پولیس اہلکاروں نے اسے قابو کرلیا۔ دوران تفتیش سینڈ فورڈ نے بتایا کہ وہ گزشتہ 18 ماہ سے امریکا کی ریاست نیو جرسی کے علاقے ہوبو کن میں مقیم ہے اور گزشتِہ ایک سال سے ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔ انتخابی جلسے میں شرکت کے لئے میٹل ڈیٹیکٹر سے تلاش کا مسئلہ حل کرنے کے لئے اس نے پولیس سے ہتھیار چھین کر استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا اور امیل جیکب نامی پولیس اہلکار کی گن ان لاکڈ پوزیشن میں دیکھ کر اسے باتوں میں لگا کر گن چھیننے کی کوشش کی ۔ سینڈ فورڈ نے مزید بتایا کہ اس نے لاس ویگاس میں ناکامی کے بعد اپنے منصوبے کو فونیکس میں ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخابی جلسے میں عملی شکل دینے کی منصوبہ بندی کی تھی اور اس مقصد کے لئے جلسے میں شرکت کی غرض سے ٹکٹ بھی خرید رکھے تھے۔