خبرنامہ انٹرنیشنل

ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری

نیویارک:(آئی این پی )امریکا میں صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، نیویارک میں ہونے والے مظاہرے میں ڈونلڈ کے خلاف خوب نعرے بازی کی گئی۔ نیویارک کے علاقے بیتھ پیج میں ہونے والی ریلی کے دوران مظاہرین نے ایک بار پھر امریکی صدارتی ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے نفرت انگیز بیانات کے خلاف احتجاج کیا۔ کیرولینا،فلوریڈا کے بعد نیویارک میں بھی مظاہرین نے انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران احتجاج کرکے ڈونلڈ ٹرمپ کو پریشان کردیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب کے دوران دو سو کے قریب مخالفین نے مظاہرہ کرکے ان کے خلاف شدید نعرے لگائے جس کے باعث تقریر میں بدمزگی پیدا ہوگئی تاہم مظاہرین کو ریلی سے باہر نکال دیا۔ اس موقع پر ڈونلڈٹرمپ کی بیٹی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ وہ گھر میں چھوٹے بیٹے کو چھوڑ کر آئی ہیں اور وہ انتخابات کی اہمیت کو سمجھتی ہے،واضح رہے کہ نیویارک میں انیس اپریل کو صدارتی انتخاب کا عمل ہوگا۔