خبرنامہ انٹرنیشنل

ڈونلڈ ٹرمپ کی خوف کی سیاست سلامتی کےلیےخطرناک ثابت ہوگی:جرمن وزیرخارجہ

برلن: (اے پی پی) جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر نے کہا ہے کہ امریکا میں ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی خوف کی سیاست سلامتی کے حوالے سے امریکا اور دنیا دونوں کے لیے خطرناک ثابت ہو گی۔ جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا میں ریپبلکن پارٹی کی طرف سے ڈونلڈ ٹرمپ کو باقاعدہ طور پر اس پارٹی کا صدارتی انتخابی امیدوار نامزد کرنے پر اپنے ردعمل میں جرمن وزیر خارجہ والٹر شٹائن مائر نے کہا کہ ٹرمپ کی سیاست خوفزدہ اور الگ تھلگ کر دینے والی سیاست ہے جو عالمی سلامتی امور کے حوالے سے خود امریکا کے علاوہ پوری دنیا کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں خاص طور پر ارب پتی بزنس مین ڈونلڈ ٹرمپ کے ان مشکوک دعووں اور نعروں پر بھی تشویش ہے، جن میں انہوں نے امریکا کی سمندر پار ذمہ داریوں میں کمی کا عہد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکا کو دوبارہ عظیم‘ بنانا چاہتے ہیں۔