خبرنامہ انٹرنیشنل

ڈونلڈ ٹرمپ کی فلسطینی اتھارٹی کی امداد بند کرنے کی دھمکی

ڈونلڈ ٹرمپ کی فلسطینی

ڈونلڈ ٹرمپ کی فلسطینی اتھارٹی کی امداد بند کرنے کی دھمکی

واشنگٹن (ملت آن لائن) جب تک فلسطینی اسرائیلیوں کے ساتھ مذاکرات کی میز پر نہیں آتے اس وقت تک انہیں امداد نہیں دی جائے گی :صدر امریکہ ان دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جس ملک کے خلاف ہوتے ہیں اس کی امداد بند کرنے کی دھمکیاں دینا شروع کر دیتے ہیں۔ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کا انکار کرنے کے بعد انہوں نے پاکستانی حکومت کو دی جانے والی امداد بند کرنے کی دھمکی دی۔ گذشتہ روز انہوں نے اسرائیل کے ساتھ امن بات چیت شروع کرنے پر فلسطینی اتھارٹی کو دی جانے والی امداد بھی روکنے کی دھمکی دی ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹویٹر پر پوسٹ ایک بیان میں فلسطینی اتھارٹی پر اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے کے لیے بات چیت سے فرار کا الزام عاید کیا۔ خیال رہے کہ چھ دسمبر کو صدر ٹرمپ نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے تل ابیب سے اپنا سفارت خانہ القدس منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد فلسطینی اتھارٹی کے امریکا کے ساتھ روابط ختم ہوگئے تھے۔ ایک تازہ ٹویٹ میں صدر ٹرمپ نے لکھا کہ ہم فلسطینیوں کو سالانہ کروڑوں ڈالر امداد دیتے ہیں، مگر ان کی طرف سے ہمیں کوئی احترام نہیں ملتا۔ فلسطینی اسرائیل کے ساتھ معاہدے کے لیے بات چیت سے بھی انکاری ہیں۔ لہٰذا جب تک وہ مذاکرات کی میز پر واپس نہیں آتے ہمارے لیے بہتر یہی ہے کہ ہم ان کی امداد بند کر دیں ۔