خبرنامہ انٹرنیشنل

ڈونلڈ ٹرمپ کی نو منتخب کابینہ کے نام سامنے آگئے

واشنگٹن: (ملت+آئی این پی)ڈونلڈ ٹرمپ کی نو منتخب کابینہ کے نام سامنے آگئے،وزیر خارجہکیلئے سینیٹر باب کورکر ،وزیر دفاع کیلئے سینیٹر جیف سیشنز مضبوط امیدوار،،ہوم لینڈ سیکیورٹی کے وزیر کیلئے ڈیوڈ کلارک اور وزیرداخلہ کیلئے فاریسٹ لوکاس کانام سامنے آیا ہے۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق طویل اور تھکا دینے والی انتخابی مہم کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاوس پہنچنے میں کامیاب رہے۔ اب مرحلہ درپیش ہے کابینہ کے ارکان کو منتخب کرنے کااس سلسلے میں ایک ہفتہ پہلے ہی مشاورت مکمل کرلی گئی تھی، کابینہ میں کون سے چہرے ہونگے ، متوقع نام بھی سامنے آگئے ۔ٹرمپ کی متوقع کابینہ میں سب سے اہم قلم دان وزارت دفاع کے لیے ہے، جس کے لیے الاباما سے سینیٹر جیفرسن سیشنز مضبوط امیدوار ہیں۔جیف سیشنز ، عراق جنگ کے حامی رہے، وہ غیرقانونی تارکین کو شہریت دینے کے بڑے مخالف سمجھے جاتے ہیں۔وزارت خارجہ کے قلم دان کیلیے سینیٹر باب کورکر کا نام زیر غور ہے۔ ٹینیسی سے تعلق رکھنے والے باب کورکر اس وقت امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں۔ وہ مالیاتی اصلاحات کے مخالف سمجھے جاتے ہیں،انہوں نے دوہزار تیرہ میں اسلحے کے خریدار کا ماضی جاننے سے متعلق بل کے خلاف ووٹ دیا تھا۔ایوان نمائندگان کے سابق اسپیکر اور ٹرمپ کے بڑے حمایتی نیوٹ گنگرچ کا نام بھی وزارت خارجہ کے لیے لیا جارہا ہے ۔ڈیوڈ کلارک کا نام ہوم لینڈ سیکیورٹی کے وزیرکیلیے زیر غور ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ سیاہ فاموں سے زیادہ سفید فام پولیس تشدد کا زیادہ نشانہ بنتے ہیں ۔ کلارک کا خیال ہے امریکا کی بقا کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو آگے بڑھانا چاہیے۔ٹرمپ کی متوقع کابینہ میں فاریسٹ لوکاس کانام وزیرداخلہ کے لیے سامنے آیا ہے۔ کابینہ کے دیگر متوقع ارکان میں نیوجرسی کے گورنر کرس کرسٹی نیویارک کے سابق میئر روڈی گیلانی اور وائٹ ہاوس کے چیف آف اسٹاف کے لیے ری پبلکن نیشنل کمیٹی کے چیئرمین رائنس پریبس مضبوط امیدوار سمجھے جارہے ہیں۔