خبرنامہ انٹرنیشنل

ڈونلڈ ٹرمپ کی کانگریس سے اپنے پہلے خطاب سے قبل تقریر دہرانے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی

واشنگٹن (ملت + آئی این پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کانگریس سے اپنے پہلے خطاب سے قبل تقریر دہرانے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق معروف ویب سائٹ “یوٹیوب” پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایک وڈیو کلپ زیر گردش ہے جس میں وہ ہاتھ میں ایک صفحہ تھامے اس کی تحریر کو پڑھ کر ان الفاظ کو دہراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ایسا لگ رہا ہے کہ گاڑی میں سوار ٹرمپ تحریری مواد کو مہارت کے ساتھ پڑھنے کی مشق کر رہے ہیں۔ وڈیو سے واضح ہو رہا ہے کہ امریکی صدر اس تقریر کے جملے دہرا رہے تھے جو انہیں کانگریس کے سامنے اپنے پہلے خطاب کے موقع پر کرنا تھی۔امریکی صدر نے کانگریس کے سامنے اپنے پہلے خطاب میں دونوں سیاسی جماعتوں ریپبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹی پر زور دیا ہے کہ وہ امریکی عوام کے مفاد کے واسطے یک جہتی پیدا کریں۔خارجہ پالیسی کے حوالے سے ٹرمپ نے کہا کہ “ہماری خارجہ پالیسی قوتِ عمل کی حامل ہو گی۔ ہم پوری طاقت کے ساتھ نیٹو کو سپورٹ کریں گے”۔ (اگرچہ ٹرمپ نے اس سے قبل نیٹو اتحاد کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا)۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ” ہم اپنے حلیفوں سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ تزویراتی کارروائیوں میں ایک متحرک کردار ادا کریں گے”۔ ٹرمپ نے زور دیا کہ امریکا نے ماضی کی غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے اور وہ نئے شراکت دار پیدا کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔ دہشت گردی کے حوالے سے امریکی صدر نے باور کرایا کہ ” ہم اپنے حلیفوں کے ساتھ داعش تنظیم کو اس کے مقام پر تباہ کریں گے”۔