خبرنامہ انٹرنیشنل

ڈونلڈ ٹرمپ کے آخری حریف بھی صدارتی دوڑ سے دستبردار

نیو یارک:(اے پی پی) امریکی ریاست اوہائیو کے گورنر جان کیسک کی جانب سے صدارتی امیدوار کی دوڑ سے دستبردار ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ رپبلکن پارٹی کے واحد امیدوار بن گئے ہیں۔اوہائیو کے گورنر کے طور پر کاسک خاصے مقبول ہیں، لیکن وہ اوہائیو ریاست کے علاوہ کہیں بھی پرائمری انتخابات نہیں جیت پائے۔ادھر، رپبلکن پارٹی ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کے معاملے میں منقسم نظر آ رہی ہے۔ کچھ رہنماؤں نے سوشل میڈیا پر رکنیت چھوڑنے کا اعلان بھی کیا ہے۔تاہم ٹرمپ کی حمایت میں آنے والے رہنماؤں کی بھی کمی نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے ممکنہ امیدوار ہلیری کلنٹن کے مقابلے ٹرمپ کو زیادہ پسند کر رہے ہیں۔انڈیانا میں فتح کے بعد ٹرمپ کو یقین ہو گیا تھا کہ وہ ہی رپبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوارہوں گے۔اس اثنا میں ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ نائب صدر کے عہدے کے لیے اپنا امیدوار ایسے شخص کو منتخب کریں گے جسے سیاسی تجربہ ہو اور جو کانگریس سے قانون منظور کرا سکے تاہم انھوں نے کوئی نام نہیں بتایا۔