خبرنامہ انٹرنیشنل

ڈھاکا میں ریسٹورنٹ پرحملہ کرنے والے دہشت گرد مقامی تھے

ڈھاکا:(اے پی پی) بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ڈھاکا کے سفارتی علاقے میں ہوٹل پر حملے میں ملوث دہشت گرد مقامی تھے جن کا تعلق بنگلا دیش میں موجود شدت پسند گروپ سے ہے۔ بنگلا دیش کے وزیرداخلہ اسد الزمان خان کا کہنا تھا کہ ڈھاکا کے سفارتی علاقے میں ریسٹورنٹ پر حملے میں ملوث دہشت مقامی تھے جن کا تعلق کالعدم جمعیت المجاہدین بنگلا دیش نامی تنظیم سے ہے جب کہ حملہ آوروں کے داعش اور القاعدہ سمیت کسی بھی بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم سے تعلق کا کوئی ثبوت نہیں ملا ۔ بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے کہا کہ کالعدم جمعیت المجاہدین بنگلا دیش نامی تنظیم پر 10 سال قبل پابندی لگائی جاچکی ہے جب کہ یہی گروپ گزشتہ ڈیرھ سال سے ملک میں ہونے والی دیگر دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔ بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف اپنی روایتی دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعے کو پاکستان کی خفیہ ایجنسی سے جوڑتا رہا۔ جمعہ کو بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے سفارتی علاقے میں واقع ریسٹورنٹ پر حملے کے نتیجے میں 20 غیر ملکی ہلاک ہوگئے تھے جب کہ فورسز کے آپریشن میں 6 حملہ آوربھی مارے گئے اور ایک کو زندہ گرفتار کرلیا گیا تھا۔