خبرنامہ انٹرنیشنل

کابل دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 100 تک پہنچ گئی

کابل دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 100 تک پہنچ گئی

اقوام متحدہ (ملت آن لائن) کابل دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 100 تک پہنچ گئی جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغان دارالحکومت کابل میں جمعرات کو پے در پے ہونے والے دھماکوں کو دہشت گردی کی گھناؤنی اور بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے ان کی سخت مذمت کی ہے۔سلامتی کونسل کی طرف سے جاری بیان میں دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور افغان حکومت سے دلی ہمدردی اور تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔سلامتی کونسل کی طرف سے جاری بیان میں دہشت گردی کو بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث افراداور ان کو مالی اور دیگر معاونت فراہم کرنے والوں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت ہے۔بیان میں دنیا کے تمام ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے کئے افغان حکومت کی مدد کریں ۔قبل ازیں افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن ( یو این اے ایم اے) کی طرف سے بھی کابل میں دھماکوں کی سخت مذمت کی گئی۔مشن کے قائم مقام سربراہ ٹوبی لانزر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے واقعات امن و استحکام کے خواہاں تمام افغانوں سے مل کر کام کرنے کا ہمارا عزم مزید مضبوط ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ دھماکوں میں مارے جانے والوں کی تعداد ایک سوتک پہنچ چکی ہے اور اس میں مزید اضافے کا اندیشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مارے جانے والوں میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ واضح رہے کہ دھماکوں کے فوری بعد جاری بیان میں طالبان نے اس حملے میں ملوث ہونے سے انکار کیا تھا۔