خبرنامہ انٹرنیشنل

کابل: ملٹری اکیڈمی کے قریب آرمی پوسٹ پر حملہ، 2 اہلکار ہلاک،10 زخمی

کابل: ملٹری اکیڈمی کے قریب آرمی پوسٹ پر حملہ، 2 اہلکار ہلاک،10 زخمی

کابل:(ملت آن لائن) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع ملٹری اکیڈمی مارشل فہیم نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے قریب آرمی پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔ افغان خبر رساں ادارے طلوع نیوز نے افغان وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری کے حوالے سے بتایا کہ 5 دہشت گردوں نے ملٹری اکیڈمی کی قریبی پوسٹ پر صبح سویرے حملہ کیا، جن میں سے ایک نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ جائے وقوع کا ایک منظر—۔فوٹو/ بشکریہ طلوع نیوز حکام کے مطابق 3 حملہ آوروں کو ہلاک کیا جاچکا ہے، ایک کو فورسز نے گرفتار کرلیا جبکہ ایک کے خلاف لڑائی جاری ہے۔ وزارت دفاع کے حکام کے مطابق حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کے دوران 2 اہلکار ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوئے۔ دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کرلی ہے۔
‘حملہ صبح 5 بجے کے قریب ہوا’
اس سے قبل کابل کے رہائشی ایک عینی شاہد محمد احسان نے رائٹرز کو بتایا تھا کہ صبح 5 بجے کے قریب اکیڈمی کے قریب دھماکوں اورفائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ کابل پولیس کے ترجمان نے بھی حملے کی تصدیق کی تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی افغان فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ مارشل فہیم ڈیفنس یونیورسٹی افغانستان کی مرکزی ملٹری اکیڈمی ہے،گذشتہ برس اکتوبر میں بھی ایک خودکش بمبار نے دھماکہ خیز مواد سے بھری ایک بس ڈیفنس یونیورسٹی کے کیڈٹس کو لے جانے والی بس سے ٹکرا دی تھی، جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ کابل میں ہوٹل پر طالبان کا حملہ،11 غیر ملکیوں سمیت 22 افراد ہلاک یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب رواں ماہ 29 جنوری کو بھی کابل میں وزارت داخلہ کی پرانی عمارت کے باہر ایک کار بم دھماکے کے نتیجے میں 95 سے زائد افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، جس کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی تھی۔ اس سے قبل 20 جنوری کو بھی کابل میں واقع انٹرکانٹینینٹل ہوٹل پر طالبان کے حملے کے نتیجے میں 11 غیر ملکیوں سمیت 22 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔