خبرنامہ انٹرنیشنل

کابل میں بم دھماکے میں تین افراد زخمی

کابل :(اے پی پی) افغان دارالحکومت کابل میں بم دھماکے میں تین افرادزخمی ہوگئے،شمالی افغانستان کے صوبہ بغلان میں طالبان نے ایک اہم ضلع پر قبضہ کرلیا،۔جنوبی صوبہ ہلمند میں طالبان اورفوج کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ صوبائی پولیس چیف ایک بم دھماکے میں بال بال بچ گئے ، ہرات میں دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے 7 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ۔افغان میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہاگیاہے کہ گزشتہ روز کابل کے علاقہ مکروریان میں افغان نیشنل آرمی کی گاڑی میں زوردار دھماکہ ہواجس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔بیان میں کہا گیاہے کہ بم مقناطیس کی مدد سے گاڑی میں نصب کیا گیا تھا اورزخمی ہونے والے افراد عام شہری تھے۔شمالی افغانستان کے صوبہ بغلان میں طالبان نے ایک اہم ضلع پر قبضہ کرلیا۔صوبائی کونسل کے ایک رکن نے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا کہ طالبان نے ضلع دانائی غوری پر قبضہ کرلیا ہے۔چارروز قبل طالبان نے اس ضلع پر مربوط حملوں کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ایک ماہ قبل بھی طالبان نے اس ضلع پر قبضہ کیا تھا اورافغان سیکیورٹی فورسز نے بعد میں ایک بڑے آپریشن کے بعد طالبان کو پسپا کردیا تھا۔جنوبی صوبہ ہلمند میں طالبان اورفوج کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ صوبائی پولیس چیف ایک بم دھماکے میں بال بال بچ گئے۔افغان حکام کے مطابق لڑائی میں افغان سپیشل فورسز کے اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔پولیس کے مطابق گزشتہ روزصوبائی پولیس چیف آقائے نور ایک بم حملے میں بال بال بچ گئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ ہلمند ہائی وے پر ہونے والے اس حملے میں تین پولیس اہلکارزخمی ہوگئے۔ابھی تک کسی تنظیم یا گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ دریں اثناء مغربی صوبہ ہرات میں دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے 7 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان نے بتایا کہ واقعہ پاسابند کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب عسکریت پسند ایک بم نصب کررہے تھے۔ حکام کے مطابق واقعہ میں 7 افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے