خبرنامہ انٹرنیشنل

کابل میں فلاحی تنظیم کے زیراہتمام تقریب پر حملہ میں، ایک شخص ہلاک

کابل: (اے پی پی)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں فلاحی تنظیم کے زیراہتمام تقریب پر حملہ میں ایک شخص ہلاک اور6زخمی ہوگئے، ننگرہارمیں فضائی حملوں میں شدت پسند تنظیم داعش کے 12سے زائد ارکان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیاہے، قندوز میں سرکاری فورسز نے ضلع قلعہ ذال پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیاہے۔افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز کابل میں فلاحی تنظیم پام لرنہ کے زیراہتمام ایک تقریب کو شدت پسندوں نے نشانہ بنایا جس میں ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔یہ تقریب شہرنو کے علاقہ میں جاری تھی کہ اس دوران دو حملہ اورداخل ہوگئے۔حکام کے مطابق ایک دھماکہ خودکش ہوسکتاہے جس میں 6افراد زخمی ہوگئے۔حکام کے مطابق حملہ اوربظاہر بین الاقوامی تنظیم کئیر انٹرنیشنل کو نشانہ بنانا چاہتا تھا تاہم کئیر انٹرنیشنل کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا،واضح رہے کہ ایک روز قبل دارالحکومت کابل میں وزارت دفاع کی عمارت کے قریب دو دھماکوں میں درجنوں افراد ہلاک وزخمی ہوگئے تھے۔مشرقی صوبہ ننگرہارمیں فضائی حملوں میں شدت پسند تنظیم داعش کے 12سے زائد ارکان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیاہے۔صوبائی حکام نے بتایا کہ ننگرہارکے علاقوں ممند درہ،بندر اورجنجال شگہ میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایک درجن سے زائد شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ان شدت پسندوں کا تعلق داعش سے بتایا گیاہے۔ننگرہارمیں گزشتہ کئی ماہ سے داعش کی سرگرمیوں میں اضافہ ہواہے اورافغان فورسز نے اس علاقے میں کئی آپریشن کئے ہیں۔شمالی صوبہ قندوز میں سرکاری فورسز نے ضلع قلعہ ذال پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔ایک ماہ قبل طالبان نے اس ضلع پر قبضہ کرلیاتھا۔مشرقی صوبہ پکتیکا میں بارودی سرنگ کے دھماکہ میں خاتوں سمیت دو افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔حکام نے بتایا کہ بارودی سرنگ کا دھماکہ متیٰ خان ضلع میں ہوا جس کی زد میں مسافرگاڑی آنے سے نقصان ہوا۔