برازویلے ۔ (اے پی پی) کانگو کے صدر نے سابق آرمی چیف کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ کانگو کے مقامی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ملک کے صدر نے سابق آرمی چیف اور صدارتی دوڑ میں شامل امیدوار جین میری مائیکل کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔ سرکاری پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ صدر ڈینس ساسو نگوسو نے سابق آرمی چیف کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کی جانب سے جاری کئے گئے حکومت مخالف بیانات کی تحقیقات کا بھی حکم دیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق پولیس نے جین کے گھر کو جانے والے تمام راستوں کو بھی سیل کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ صدر ڈینس ساسو نگوسو گزشتہ 30سال سے اقتدار میں ہیں اور آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات میں ملک کے سابق آرمی چیف جین میری مائیکل ان کے خلاف صدارتی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔