خبرنامہ انٹرنیشنل

کرپشن اور بدعنوانی قطعاً برداشت نہیں کی جائیگی، چینی کمیونسٹ پارٹی

بیجنگ (ملت + آئی این پی) چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں کرپشن اور بد عنوانی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی جو بھی سرکاری ملازم اس میں ملوث پایا گیا اسے سخت سزاد ی جائے گی ، سرکاری ملازمتوں کی خریدو فروخت اور ووٹوں میں دھاندلی کا خاتمہ کر دیا جائے گا اور کسی بھی سرکاری ملازم کے ساتھ کوئی خصوصی رعایت نہیں کی جائے گی اور نہ ہی کسی حالت میں انہیں معاف کیا جائے گا ۔یہ اعلان یہاں کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے ایک اجلاس کے بعد جاری ہونیوالے اعلامیہ میں کیا گیاہے ۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پارٹی تنظیموں کے ساتھ کوئی سودا بازی نہیں ہو گی بلکہ فیصلوں پر عملدرآمد کر نا ضروری ہو گا ، کوئی شخص بھی پارٹی کے عہد ہ کو اپنی ذاتی جائیداد تصور نہیں کر یگا اور نہ ہی وہ پارٹی کے اندر کسی کی ذاتی طورپر حمایت کرے گا ۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ بد عنوان اہلکاروں کیلئے کمیونسٹ پارٹی کے اندر چھپنے کی بھی کوئی گنجائش نہیں ہو گی ، تمام سرکاری اہلکاروں کو اپنے عہد ے سے ناجائز فائدہ اٹھانے یا اپنے دوستوں یا خاندان کو فائدہ پہنچانے پر بھی پابندی ہو گی کیونکہ ان کوششوں کا مقصد پارٹی سیاست کو شفاف بنانا ہے ، اعلیٰ عہدوں پر فائز سرکاری اہلکاروں کے دوستوں اور خاندان کے افراد پر سرکاری کاموں میں مداخلت پر مکمل پابندی ہو گی اور وہ اس سلسلے میں کوئی ذاتی اقدامات بھی نہیں کر سکیں گے ، پارٹی کے اندر سیاسی زندگی کو کرپشن اور بد عنوانی سے پاک کرنا ایک اہم کام ہے ، اس سے سسٹم کو مضبوط بنایا جائے گا اور بدعنوانی کو کسی طرح بھی برداشت نہیں کیا جائے گا ۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اعلیٰ سرکاری افسروں کو کسی سطح پر بھی کوئی ذاتی فائدہ اٹھانے کا قطعاً حق نہیں ہے ، انہیں اپنے دائرہ اختیار میں سوشلسٹ اقدار کو مکمل طورپر نافذ کرنا ہو گا اور پورے نظم و ضبط کے ساتھ کام کرنا ہو گا ، پارٹی اپنی اس پالیسی پر سختی سے کاربند ہے اور اس کے لئے کوئی بھی علاقہ ممنوعہ نہیں ہے اور وہ مکمل طورپر کرپشن کو برداشت نہ کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے کیونکہ یہ بد عنوانی کے خلاف جنگ ہے ، پارٹی کے لئے نگرانی کے بڑے بڑے اہداف اعلیٰ عہدیدار اور خاص طوپر اعلیٰ سرکاری افسر ہیں۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی 19ویں نیشنل کانگریس کا بڑا اجلاس آئندہ سال کی دوسری ششماہی میں بیجنگ میں ہو گا جس میں ان اقدامات کا جائزہ لیا جائیگا ، پارٹی نے اپنے تمام ارکان پر زور دیا ہے کہ وہ مرکزی کمیٹی کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں اور کامریڈ شی جن پنگ کی ہدایات کے مطابق کام کریں تا کہ طے کئے گئے مقاصد حاصل کئے جا سکیں ۔