خبرنامہ انٹرنیشنل

کریمیا: مسلمان تاتاریوں کیخلاف کارروائیاں تیز

ماسکو(آئی این پی)روس کے زیر انتظام یوکرائن کا علاقہ کریمیا میں حکام نے مسلمان تاتاریوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ کریمیا کے تاتاریوں کے گھروں پر چھاپے، تلاشیاں اور گرفتاریاں روز کا معمول بن گئی ہیں۔ ان تاتاریوں کو دوسری عالمی جنگ میں جلا وطن کر دیا گیا تھا اورچارعشرے قبل واپسی کی اجازت دی گئی تھی۔ یہ تاتاری مسلمان کریمیا پر روس کے تسلط کے شدید مخالف ہیں۔حکام کا موقف ہے کہ پولیس یہ کارروائی بلا سبب نہیں کر رہی۔ حکام کے مطابق ان میں کچھ تاتاریوں کا تعلق شدت پسند اسلامی گروہوں سے ہیاور ان پر چھاپے اس لیے مارے جا رہے ہیں تا کہ دہشت گرد کارروائیوں کو روکا جا سکے۔تاہم حکومت کی جانب سے کسی قسم کے تشدد یا دہشت گردانہ کارروائی کا کوئی ثبوت سامنے نہیں لایا گیا۔ کریمین تاتاری جو بنیادی طور پر مسلمان ہیں، اس جزیرہ نما کی کل آبادی کا 15 فیصد ہیں۔